(24نیوز)لاہورنشترکالونی میں تعمیراتی سامان بنانے والے کارخانے میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک شخص زخمی ہو گیا ،جب کہ فرار ہوتے ہوئے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ان کا اپنا ہی ساتھی مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق موٹرسائیکل سوار چار ڈاکو کنکریٹ کی چھتیں بنانے والے کارخانے میں داخل ہوئے اور عملے کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنالیا۔ ڈاکوؤں نے چار لاکھ روپے کیش لوٹا اور فرار ہونے لگے تو مبین نامی ملازم نے مزاحمت کی ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس کی زد میں آ کر مبین زخمی ہو گیا جب کہ ڈاکوؤں کا اپنا ساتھی ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت نعمان عرف ہتھوڑا کے نام سے ہوئی جو باغبانپورہ کا رہائشی اور 20 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔پولیس کاکہنا ہےکہ فائرنگ سے زخمی ہونیوالے مبین کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور فرار ڈاکووں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔