عمران صاحب سال کے آخری دن بھی جھوٹ!مریم اورنگزیب

Dec 31, 2020 | 18:22:PM

(24 نیوز) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان گزشتہ جھوٹ پر توبہ کے بجائے مزید جھوٹ بول رہے ہیں۔ 1 کروڑ نوکری کے حساب سے اب تک پچاس لاکھ لوگوں کو نوکریاں مل جانی چاہئیں تھیں؟

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سال کے آخری دن بھی جھوٹ بول رہے ہیں؟ گزشتہ جھوٹ پر توبہ کے بجائے مزید جھوٹ بول رہے ہیں۔ ایک کروڑ نوکری کے حساب سے اب تک پچاس لاکھ لوگوں کو نوکریاں مل جانی چاہئیں تھیں۔
ترجمان ن لیگ نے کہا کہ عمران صاحب گھر جائیں تاکہ لوگوں کے ذاتی گھر اور نوکریاں بچ جائیں۔ عمران صاحب اڑھائی سال بعداب اڑھائی لاکھ نوکریوں کی بات کر رہے ہیں ؟ توبہ، توبہ پچاس لاکھ گھروں میں سے 25 لاکھ گھر تو مل جانے چاہئیں تھے؟ پنجاب کے 163ارب کے منصوبے بلین ٹری سونامی کی طرح عمران صاحب کے خلل زدہ دماغ کی اختراع ہے ۔جن کا اپنا ذاتی گھر اے ٹی ایمز اور مافیاز نے بنایا ہو وہ عوام کو گھر نہیں دے سکتا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام آپ کی کسی بات پہ یقین نہیں کرتی، وہ گھر اور نوکری نہیں ، صرف آپ سے نجات چاہتی ہے آپ کا سو دن کا پلان فیل ، نوے دن کا پلان بھی فیل، عوام اب صرف آپ کی روانگی کا پلان سننا چاہتے ہیں ۔پہلے مرحلے میں عوام کو گھر نہیں چاہئے، اب انہیں آپ کا گھر جانا چاہئے پاکستان کی باشعور عوام ایک سوراخ سے دوسری دفعہ خود کو ڈسوانے کے لئے تیار نہیں ۔
عمران صاحب جس کے تیاری نہ ہو ، عقل بھی نہ ہو ، نااہل اور جھوٹا ہو وہ کسی بھی مرحلے میں عوام کو کچھ نہیں دے سکتا عمران صاحب عوام اپنی بچی کھچی آٹا چینی دوائی آپ کی ”صداقت وامانت “ سے بچا رہی ہے، انہیں آپ سے صرف نجات چاہئیے ۔عمران صاحب عوام سے جھوٹ نہ بولیں، بیوقوف بنانے کا دھندہ اب نہیں چلے گا۔

مزیدخبریں