(24 نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا چینی ہم منصب وانگ ژی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ، دوران گفتگو دو طرفہ تعلقات، کرونا وبائی لہر اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
تفصیلا ت کے مطا بق وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو نئے سال کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چینی صدرکے جلد دورہ پاکستان کے متمنی ہیں۔ پاکستان اور چین کے مابین گہری اور مثالی دوستی کو خطے میں امن و استحکام کا ضامن سمجھا جاتا ہے ، پاکستان، ون چائنہ پالیسی سمیت قومی سلامتی سے متعلق چین کی داخلی پالیسیوں کی حمایت کرتا ہے ۔تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور چین کے مابین دو طرفہ تعاون اور روابط کا فروغ ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت پاکستان چین اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کے منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے ۔
دونوں وزرائے خارجہ کے مابین زراعت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے، تحقیقی اور علمی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے ۔دونوں وزرائے خارجہ نے بین الافغان مذاکرات کے انعقاد اور قواعد و ضوابط پر اتفاق کو مثبت اور خوش آئند قرار دیا اورخطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ۔
شی جن پنگ کے جلد دورہ پا کستان کے منتظر ہیں،شاہ محمود کا چینی ہم منصب سے ٹیلی فو نک را بطہ، اہم امور پر گفتگو
Dec 31, 2020 | 18:35:PM