حکومت اپوزیشن کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرے، چودھری شجاعت 

Dec 31, 2020 | 18:41:PM
حکومت اپوزیشن کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرے، چودھری شجاعت 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)مسلم لیگ (ق)کے صدر اور سینئر سیاستدان چودھری شجاعت حسین نے کہاہے کہ حکومت اپوزیشن کی تمام تجاویز کا جواب بیان بازی سے نہ دے بلکہ سنجیدگی سے ان پر غور کرے،ہم تو اتحادی ہیں لیکن مشہور ہے کہ ہم ہدایت کی بات بھی کرتے ہیں تو اس کو مخالفت کا نام دے دیا جاتا ہے۔
صدر ق لیگ چودھری نے کہاکہ ملکی حالات اس مقام پر پہنچ چکے ہیں جتنے پہلے کبھی نہیں تھے،حکومت اور اپوزیشن کو لوگوں نے اپنے ووٹوں سے منتخب کر کے اسمبلی میں بھیجا ہے،حکومت اور اپوزیشن کو یہ سمجھنا چاہئے کہ ہم نے ملک اور عوام کے مفاد میں کام کرنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کریڈٹ کے چکر میں نہ پڑیں کیونکہ کریڈٹ کی دوڑ میں اسمبلیوں میں بعض ارکان ایسی ایسی باتیں کر جاتے ہیں جو کسی کیلئے قابل قبول نہیں ہوتیں، صدر ق لیگ نے کہاکہ حکومت ہو یا اپوزیشن وہ ان لوگوں کے مشوروں میں نہ پڑیں جن کی سوچ کے پیچھے ملکی مفاد سے زیادہ ذاتی مفاد ہو،حکومت اور اپوزیشن دونوں کو ملک کے مفاد میں اکٹھا ہونا چاہئے۔
چودھری شجاعت حسین نے کہاکہ حکومتی نمائندے ہر بات کو اپنی انا کا مسئلہ نہ بنائیں بلکہ آگے بڑھ کر معاملات سلجھانے میں پہل کریں، ڈھائی سال پہلے ہی گزر چکے ہیں ایک سال اور گزرا تو پھر اس گالی گلوچ کے نتائج سامنے آئیں گے،انہوں نے کہاکہ معاملات کو اس نہج پر پہنچانے کی بجائے رسمی یا غیر رسمی کسی بھی طریقے سے بات چیت کی طرف جانا چاہئے۔