(علی رامے) صحت سہولت پروگرام کے تحت سال 2022 میں پنجاب میں 24 لاکھ افراد مستفید ہوئے۔ صحت کارڈ پر صرف پرائیوٹ ہپستالوں نے 2022 میں 75 فیصد لوگوں کے علاج کی سہولیات فراہم کر کے 41 ارب 40 کروڑ روپے کے بل کلیم کیے۔
صحت کارڈ پی ٹی آئی کا واحد منصوبہ جو پی ڈی ایم کی حکومت میں بھی کامیاب رہا۔ 24 نیوز کے پاس موجود سرکاری رپورٹ کے مطابق صحت سہولت پروگرام کے تحت پنجاب میں 24 لاکھ افراد اس پروگرام سے مستفید ہوئے لیکن صحت کارڈ پر صرف پرائیوٹ ہپستالوں نے 2022 میں 75 فیصد لوگوں کو علاج کی سہولیات فراہم کیں۔
رواں سال 2022 میں 18 لاکھ افراد نے پرائیوٹ ہسپتالوں میں صحت کارڈ پر علاج کی سہولیات حاصل کیں۔ جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں صحت کارڈ پر صرف چھ لاکھ 22 ہزار افراد نے علاج کرایا۔ پرائیوٹ ہپستالوں نے صحت کارڈ پر 2022 میں علاج کی سہولیات فراہم کر کے 41 ارب 40 کروڑ روپے کے بل کلیم کیے جبکہ سرکاری ہسپتالوں نے صحت کارڈ پر 11 ارب 78 کروڑ روپے کا بل کلیم کیا۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق صحت سہولت پروگرام پر مجموعی طور 53 ارب شہریوں کے علاج معالجے پر خرچ کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق شہریوں نے سب سے زیادہ علاج معالجے کی سہولیات اکتوبر کے مہینے میں حاصل کیں اور اکتوبر کے مہینے میں پرائیوٹ ہسپتالوں میں 2 لاکھ 14 ہزار مریض آئے۔ صحت سہولت پروگرام میں سب سے زیادہ 6 لاکھ 73 ہزار مریضوں نے ڈائلسز کی سہولیات لیں جبکہ دوسرے نمبر پر 2 لاکھ 99 ہزار سزیرن ڈیلوری کے کیسز میں مریضوں کو علاج فراہم کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پرائیوٹ ہپستالوں میں سی سیکشن کے 2 لاکھ 69 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ سرکاری ہپستالوں میں سی سیکشن کے صرف 29 ہزار مریضوں کو علاج کی سہولیات دی گئیں۔