محکمہ موسمیات نے یکم جنوری سے 6 تک بارشوں کی پیشگوئی کردی
بارش سے موسم مزید سرد، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)محکمہ موسمیات نے سال نو پر ملک کے مختلف شہروں میں یکم سے 6جنوری تک بارش کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سال نو کے ساتھ ہی مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا،جنوری کے پہلے ہفتےمغربی ہوائیں ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہو ں گی،سپیل 6جنوری تک بالائی علاقوں میں موجود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں یکم سے 6جنوری تک بارش متوقع ہے، خیبرپختونخوا میں یکم سے 5جنوری تک بارش کاامکان ہے، مری اور گلیات میں یکم سے 6جنوری تک بارش متوقع ہے،اسلام آباد میں 2سے 6جنوری تک بارش کی توقع ہے،ملتان، ڈی جی خان اور لیہ میں 2سے 5جنوری تک ہلکی بارش متوقع ہے۔
بلوچستان میں یکم سے 4جنوری تک بارش ہو گی،سندھ کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ مری ، ناران، کاغان، سوات میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پنجاب، خیبر پختو نخوا کے زیادہ تر میدانی علا قوں اور بالائی سندھ میں رات کے اوقات میں درمیانی اور شدید دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ رات کے وقت پشین، زیات سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وفاقی کابینہ نے ریکوڈک کا 15 فیصد حصہ سعودی عرب کو فروخت کرنے کی منظوری دیدی
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے تاہم رات کے اوقات میں سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منگلا، جہلم، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، فیصل آباد، جھنگ، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، خانیوال، خانپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم رات کے اوقات میں سکھر، شہید بینظیر آباد، شکارپور، کشمور، خیر پور، مو ہنجوداڑو اور گرد و نواح میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور چند مقامات پر مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، رات کے اوقات میں صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور گرد و نواح میں چند مقامات پر ہلکی سے درمیانی دھند پڑنے کا امکان ہے۔
کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کے علاوہ مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور رات میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔