بھارتی اداکارہ تنناز ایرانی نے اچانک معذور ہونے کی وجہ بتادی  

Dec 31, 2024 | 10:13:AM
بھارتی اداکارہ تنناز ایرانی نے اچانک معذور ہونے کی وجہ بتادی  
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ویب ڈیسک )بالی ووڈ فلم اورڈرامہ انڈسٹری کی مشہور اداکارہ تنناز ایرانی نے حال ہی میں اپنی صحت کے حوالے سے پیش آنے والے خطرناک مسائل پر بات کی، جس کی وجہ سے طویل عرصے تک انہوں نے وہیل چیئر کا استعمال کیا۔

اداکارہ بالی ووڈ فلم ”کہو نا پیار ہے“ اور ”36 چائنا ٹاؤن“ جیسی فلموں میں کام کرچکی ہیں،انہوں نے فلموں کے علاوہ ٹی وی شوز میں بھی کام کیا۔

 اداکارہ نے بتایا کہ 2021 میں ان کی ایک سرجری ہوئی تھی جس کے بعد ان کی ایک ٹانگ دوسری ٹانگ سے چھوٹی ہو گئی انہیں اچانک چلنے میں دشواریوں کا سامنا ہونے لگا۔

تنناز نے اپنی تکلیف کے بارے میں بتایا کہ ابتدا میں وہ سمجھ نہیں پائی کہ ان کے جسم میں کیا غلط ہو رہا ہے، اور انہوں نے اس کے لیے چیسٹ ٹیسٹ اور ایم ایم اے کی مشقوں میں اضافہ کر دیا تھا۔

مگر جب تکلیف میں اضافہ ہوتا گیا اور وہ اپنے معمولات زندگی جیسے چلنے پھرنے اور کھانا پکانے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنے لگیں تو انہوں نے مزید طبی معائنوں کا فیصلہ کیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ پاؤں چھوٹا بڑا ہونے سے میں عام صحت مند انسان کی طرح چلنے سے قاصر تھی، میرے چلنے کے انداز میں کافی لچک آ گئی تھی۔ انہیں کمر، پیٹھ، گھٹنے اور ٹخنوں میں بھی تکلیف ہونے لگی اور اسکولیسس بھی تشخیص ہوا۔

جب ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین کرائے گئے تو ڈاکٹروں نے اے وی این کی تشخیص کی، جو عام طور پر شراب پینے والے یا اسٹیرائڈز استعمال کرنے والے افراد میں پایا جاتا ہے۔ تنناز نے کہا کہ یہ تشخیص ان کے لیے خاصی حیرانی کا باعث بنی کیونکہ نہ وہ شراب پیتی ہیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی اسٹیرائڈز استعمال کیے ہیں۔

 تنناز ایرانی نے اس سنگین مسئلے کا بہادری سے مقابلہ کیا انہوں نے ہمت نہ ہاری اور اپنے فن کو جاری رکھنے کی پوری کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ چل نہیں پا رہی تھیں، تو وہ ایک چھڑی کا استعمال کرنے لگیں، لیکن ان کے بچے ان کو حوصلہ دینے کے لیے ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہے اور چھڑی کے استعمال کرنے سے بچنے کی ترغیب دیتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل وقت تھا لیکن میری ہمت اور میرے بچوں کی حمایت نے مجھے ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی طاقت دی۔

تننازکی جرات اور بہادری کو مداحوں کی جانب سے بہت زیادہ سراہا جارہا ہے جس نے ان کی پیشہ ورانہ زندگی کے ساتھ ساتھ ذاتی جدوجہد کو بھی نئی جہت سے آشنا کیا۔