(24 نیوز )وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پُرامن دھرنوں کے خلاف نہیں ہیں، دھرنوں سے لوگوں کو تکلیف ہوئی ہے، لوگوں کو تکلیف ہوگی تو دور کرنا ہماری ذمے داری بنتی ہے، دھرنوں کے خلاف کارروائی کرنے جا رہے ہیں، کچھ لوگ ناراض ہوں گے۔
سید مراد علی شاہ نے ٹھٹھہ میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پارا چنار واقعہ پر ہم سب غمزدہ ہیں، پارا چنار کے معاملے پر سندھ حکومت نے بھی کردار ادا کیا ہے، حکومتِ سندھ کی طرف سے پارا چنار امداد بھیجی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پُرامن دھرنوں کے خلاف نہیں ہیں، حکومت رات گئے تک دھرنے والوں سے مذاکرات کرتی رہی، کہا گیا کہ ایک جگہ دھرنا دیں، پارا چنار مسئلے کا حل ادھر ہی ہونا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہاں نہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ صبح تک دھرنے ختم کر دیں گے، 8 جگہوں پر دھرنے ختم ہو گئے ہیں، 4 جگہوں پر دھرنے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں ترقی کا سفر جاری ہے اور جاری رہے گا، ٹرانسپورٹ مسائل پر سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں، ہر آدمی اپنا اپنا حصہ ڈالے تو حکومت کے ہاتھ مضبوط ہوں گے۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کے فور کی مین لائن کا فضائی جائزہ لیا ہے، کے بی فیڈر کے لیے 50 فیصد رقم سندھ اور 50 فیصد وفاق ادا کر رہا ہے، 40 ارب کا منصوبہ وفاق کے ساتھ مل کر بنایا جا رہا ہے، ہم خود چاہتے ہیں کسی کا پانی کم نہ ہو، حب کینال بھی سندھ حکومت کا منصوبہ ہے، کے بی فیڈر 2026ء تک مکمل ہو جائے گا، کام کے بارے میں مطمئن ہوں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ سندھ کے پانی کا ایک بھی قطرہ کم نہیں ہونے دیں گے، کالا باغ ڈیم منصوبہ سندھ کو خشک کردے گا، کالا باغ ڈیم منصوبے کی ہم نے مخالفت کی۔