( 24 نیوز) کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کا فضائی میزبان ہوٹل کے کمرے سے پر اسرار طور پر لاپتا ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق فضائی میزبان رمضان گل اسلام آباد سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 798 سے ٹورنٹو پہنچا تھا۔کینیڈا میں پی آئی اے کے سٹیشن مینیجر نے ائیرپورٹ اتھارٹی کو فضائی میزبان کے لاپتا ہونے کی اطلاع دے دی۔پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبان کی کینیڈا میں گمشدگی کا نوٹس لے لیا اور پی آئی اے کے مطابق فضائی میزبان کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے کینیڈین امیگریشن اتھارٹی کو بھی فضائی میزبان کی گمشدگی سے متعلق آگاہ کر دیا ہے، فضائی میزبان جنرل ڈکلئیریشن پر کینیڈا جاتے ہیں اور واپسی پر ایک بندے کی بھی کمی پر کینیڈین امیگریشن کو اطلاع کرنا لازمی ہوتا ہے۔