(24نیوز) پی ایس 43 کے ضمنی الیکشن سے قبل پیپلز پارٹی کو بڑا دھچکا ۔پی پی امیدوار کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ۔
تفصیلات کے مطابق سانگھڑ سے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار جام شبیر علی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، جام شبیر علی گزشتہ دو ہفتے سے الیکشن مہم میں مصروف تھے۔پی ایس 43 سانگھڑ تھری سے پی پی امیدوار نے طبیعت ناسازی کے باعث جامشورو لیبارٹری سے کرونا ٹیسٹ کرایا جس کا نتیجہ مثبت آیا۔ کووڈ ٹیسٹ مثبت آنے پر جام شبیرعلی خان نےخود کو گھر میں آئیسولیٹ کرلیا ۔
واضح رہے کہ پی ایس 43 پر 16 فروری کو ضمنی الیکشن ہوگا، جہاں پیپلز پارٹی کے جام شبیر اور پی ٹی آئی کے مشتاق جونیجو مد مقابل ہیں۔
یاد رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں پی ایس 43سانگھڑ سے پیپلزپارٹی کے جام مدد علی کامیاب ہوئے تھے جو گزشتہ سال 13نومبر کو کورونا وائرس کی عالمی وبا کا شکار ہوکر خالق حقیقی سے جاملے تھے۔جام شبیر علی خان مرحوم رکن صوبائی اسمبلی جام مدد علی خان کے صاحبزادے ہیں۔