(24نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم پی ڈی ایم کی ڈیڈلائن کے مطابق استعفے دینے میں ناکام ہوگئے ہیں۔
تفصیلا ت کے مطا بق بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا استعفا دراصل ان کی ناجائز حکومت کے لئے ایک باعزت موقع تھا۔وزیراعظم باعزت طریقے سے استعفا دے کر آزاد اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے جمہوریت کو آگے بڑھاسکتے تھے۔ اس حکومت نے عوام پر تاریخی غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کو مسلط کردیا ہے۔
چیئرمین پی پی کا کہنا ہے کہ مجھے امید ہے کہ لانگ مارچ اور تحریک عدم اعتماد کا معاملہ ہمارے پی ڈی ایم کے اجلاسوں میں زیربحث آئے گا۔ سینیٹ انتخابات میں اپنی واضح شکست سے بچنے کے لئے قوانین میں تبدیلی سے حکومتی مایوسی عیاں ہوچکی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات ثابت کردیں گے کہ حکومت کی بنیادیں غیرمستحکم ہیں، اسٹبلشمنٹ اب سیاسی لڑائیوں کا معاملہ سیاست دانوں پر چھوڑدے یا خود کو تنازعات میں دھکیلنے کا خطرہ مول لے۔ صرف وہی حکومت عوام کی خدمت کرسکتی ہے جسے عوام نے منتخب کیا ہو۔