حکومت عوام کو اذیت دینے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی،مہرین رزاق بھٹو 

Jan 31, 2021 | 22:30:PM

(24نیوز)پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو کاکہناہے کہ حکومت عوام کو اذیت دینے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی، سلیکٹڈ حکومت نے مہنگائی کی چکی تلے پستی عوام پرپٹرول کا ایک اور بم گرا دیا ہے۔
پٹرول کی قیمتوں میں ایک بار پھراضافے پر ردعمل دیتے ہوئے ڈاکٹر مہرین بھٹو نے کہاکہ نیازی سرکار کو عوام اور انکے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ،سلیکٹڈ حکومت کبھی چینی، آٹا، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرتی ہے اور کبھی عوام پرپٹرول بم گراتی ہے،وزیراعظم یاد رکھیں حکومت کا یوم حساب قریب آن پہنچا ہے ۔
ان کاکہناتھا کہ مشکلات سے بلبلاتی عوام کی جھولی میں حکومت کیلئے صرف بددعائیں ہیں ،سفاک حکومت نے پٹرول کی قیمت مزید بڑھا کر غریب عوام کو مزید پیس دیا ہے ،رکن قومی اسمبلی نے کہاکہ عمران خان خود تو ڈنمارک کے وزیر اعظم کی طرح سائیکل استعمال نہ کر سکے ،لیکن عمران خان اپنی سائیکل سواری خواہش کی تکمیل کیلئے عوام کو سائیکل پر لے آئے ہیں،ہر چند دن بعد عمران خان پٹرول کے نرخ بڑھا کر غریبوں کا خون چوسنے میں مصروف ہے ۔
ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے کہاکہ عمران خان اپنے ایک اور وعدے کی تکمیل میں ملک میں مہنگائی کا سونامی لانے میں مصروف ہیں ،ان کاکہناتھاکہ جس امیر اشرافیہ کا کتا پروٹوکول میں بڑی گاڑی میں سفر کرے ، اسے غریب عوام کی سفر کی مشکلات کی کیا فکر ،پیپلزپارٹی عوام کی طاقت سے سلیکٹڈ کو حکومتی ایوانوں سے نکال باہر کرے گی،بلاول بھٹو زرداری پارلیمنٹ میں عوام کے حقیقی نمائندے ہیں ۔

مزیدخبریں