(24 نیوز) لاہور آلودگی کے اعتبار سے چھٹے نمبر پر آگیا، شہر میں مجموعی طور پر شرح 155 ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں آلودگی نے ڈیرے ڈال لئے۔ شہر میں آلودگی کی مجموعی شرح 155 ریکارڈ کی گئی۔ کینال روڈ پر آلودگی کی شرح 181، یو ایس قونصلیٹ میں 179، فیز 5 ڈی ایچ اے میں 168، کوٹ لکھپت میں 186، فیز 8 ڈی ایچ اے میں 181 ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب لاہور شہر میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ بادلوں کے باعث موسم سرد اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگی۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 7 اور زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ ایئر کوالٹی انڈیکس کے اعداد وشمار کے مطابق 151 سے 200 درجے تک کی آلودگی کی شرح مضرِ صحت، 201 سے 300 درجے تک انتہائی مضرِ صحت جبکہ 301 سے زائد شرح خطرناک ترین ہوتی ہے۔