نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا بغیر اطلاع پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا دورہ

Jan 31, 2023 | 11:12:AM

 (علی رامے) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے بغیر اطلاع پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا دورہ کیا، ہسپتال انتظامیہ بھی محسن نقوی کے دورے سے لاعلم رہی۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مختلف وارڈز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں سے مصافحہ کیا اور خیریت دریافت کی۔

اس موقع پر بعض مریضوں نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مکمل صحت یاب ہیں اور گھر جانا چاہتے ہیں، ادویات ملتی ہیں لیکن گھر والے نہیں ملتے۔

جس پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایم ایس سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی فہرست طلب کرلی۔ ایم ایس پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ نے بتایا کہ تقریباً 250 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں لیکن گھر والے انہیں لے کر نہیں جاتے، بعض فیملیز نے اپنے گھر کے ایڈریس بھی غلط درج کرائے ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صحتیاب مریضوں کو گھر بھجوانے کے لئے ہر سطح پر فی الفور ضروری اقدامات کریں گے، افسوس کا مقام ہے خونی رشتوں نے بھی اپنے پیاروں کو ہسپتال میں اکیلا چھوڑا ہے، بہت بوجھل دل کے ساتھ زیر علاج مریضوں کی آپ بیتیاں سنیں۔

دوسری جانب وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو پشاور دھماکے کے زخمیوں کی مدد کیلئے ٹیمیں پشاور بھیجنے کی ہدایت کر دی۔

اس موقع پر ڈاکٹر جاوید اکرم کی طرف سے پشاور حکومت کو ہر قسم کی امدادی معاونت کی پیش کش کرتے ہوئے کہا گیا کہ زخمیوں کے لیے ادویات، خون اور دیگر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

 ڈاکٹرجاوید اکرم نے کہا کہ13  رکنی ٹیم برن یونٹ جناح ہسپتال لاہور سے پشاورروانہ ہو رہی ہے، برن یونٹ کی ٹیم پشاور بم دھماکہ کے زخمیوں کے بہتر علاج و معالجہ کو یقینی بنائیں گے، ٹیم کی سربراہی پروفیسر کامران خالد کریں گے۔

مزیدخبریں