(24 نیوز ) پشاور پولیس لائن مسجد میں دھماکے اور ملک میں حالیہ دہشتگردی کی لہر پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیر سرپرستی 255ویں کور کمانڈر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، کانفرنس میں شرکاء کو حالیہ دہشتگردی ،درپیش خطرات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
دہشت گردوں اور ان کے حمایتیوں کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر بھی بریفنگ دی گئی ۔
رپورٹ کے مطابق فورم نے پشاور پولیس لائن دھماکے کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ذمہ داروں کو مثالی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ایسی بیہمانہ اور غیر انسانی کارروائیوں سے قوم کا عزم متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ امن دشمنوں کی ایسی کارروائیاں دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں کامیابی کے ہمارے عزم کو مزید جلا بخشتی ہیں، کسی بھی دہشت گرد تنظیم کیلئے زیرو ٹالرینس ہے،تمام کمانڈرز انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر مکمل توجہ مرکوز رکھیں،سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔