(زبیراعوان) کہیں بادل اور کہیں ٹھنڈی ہوائیں، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان میں با رش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
شہر لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بادل برس پڑے۔ لاہور کے علاقے گڑھی شاہو، مال روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی اور باغبانپورہ میں بارش ہوئی، مغل پورہ، گوالمنڈی، ریلوے سٹیشن اور لاری اڈا کے اطراف بھی رم جھم ہوئی، چوبرجی، انارکلی ،مزنگ، چونگی امرسدھو، گجومتہ اور کاہنہ سمیت مختلف علاقوں میں بونداباندی کے باعث دھند میں نمایاں کمی آگئی۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک پر اثر انداز ہو رہا ہے جو 4 فروری تک برقرار رہے گا، صوبائی دارالحکومت میں 4 فروری تک وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 12جبکہ زیادہ سے زیادہ 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: ملکہ کوہسار مری میں رواں سال کی پہلی برفباری، ہر سو سفیدی چھا گئی
دوسری جانب ایبٹ آباد میں برف باری سے سردی کی شدید لہر دوڑ پڑی۔ ایبٹ آباد گلیات میں برف باری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔ایبٹ آباد میں برف باری سے سڑکیں بند، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ برفباری سے مری روڈ سمیت رابطہ سڑکیں بند ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کر پڑ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج سے 4 فروری کے دوران مری گلیات میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے ۔