پولیس ہمارا ہر اول دستہ ،مسائل ہر صورت حل کریں گے،محسن نقوی
ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ پر پولیس کے جی او آر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(علی رامے) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سیدمحسن نقوی نے کہا کہ پولیس کیلئے جی او آر بنا رہے ہیں، پولیس کیلئے مجموعی طور پر 313 گھر بنائے جائیں گے، پولیس ہمارا ہر اول دستہ ہے، رہائش ودیگر مسائل کا حل ہماری ترجیح ہے،پولیس جی او آر بننے سے افسروں واہلکاروں کے رہائش کے مسائل حل ہوں گے۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ پر پولیس کے جی او آر کا سنگ بنیاد رکھ دیا،پولیس کیلئے جی او آر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیدمحسن نقوی کا کہنا تھا کہ پورے سال میں پولیس کی ویلفیئر کیلئے جتنا کام کرسکتے تھے کیا ہے، پولیس کیلئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کی اونر شپ متعلقہ پولیس کی فیملیز کو لینی چاہیے،قربان لائنز میں بھی پولیس کیلئے اپارٹمنٹس بن رہے ہیں کوشش ہے کہ اُنہیں بھی جلد مکمل کرکے فیملیز کے حوالے کیا جائے۔
ضرور پڑھیں:وزیراعلیٰ کا زیر تعمیر پلوں کا کام جلد مکمل کرنے کا حکم
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے تھانوں کو اراضی الاٹ کردی گئی ہے، کئی تھانے کرائے پر تھے اور کئی ٹینٹوں میں، اب 40نئے تھانے بن رہے ہیں، تھانوں کیلئے اراضی کے الاٹمنٹ کا مسئلہ حل کردیا گیا ہے،مختصر عرصے کے دوران پولیس کی فلاح و بہبود کیلئے کئی اقدامات کئے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انو ر نے پولیس کی بہتری کیلئے دن رات ایک کیا، ہمارے دور میں کسی پولیس افسر کو بلا وجہ تبدیل نہیں کیا گیا، پولیس نے بھی محنت کے ساتھ فرائض سرانجام دیئے ہیں جن فیملیز کو گھر الاٹ ہوئے ہیں اُنہیں مبارکباد دیتا ہوں۔
انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور کا پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پولیس کی ویلفیئر کیلئے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بہت کام کیا ہے، وزیراعلیٰ نے پولیس کیلئے رہائش کے مسئلے کو بھی حل کیا ہے۔ ہم وزیراعلیٰ محسن نقوی کا دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔