(ویب ڈیسک) بھارتی سکول ٹیچر کی طالب علم سے کلاس روم میں شادی کی ویڈیوسوشل میڈیاپر وائرل ہوگئی۔
بھارت کے شہر کولکتہ میں ایک انوکھا واقعہ اس وقت پیش آیا جہاں ایک خاتون پروفیسر نے اپنے فرسٹ ایئر کے طالب علم سے کلاس روم میں شادی کر لی، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ مغربی بنگال کی مولانا ابوالکلام آزاد یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں پیش آیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہن کے لباس میں ملبوس پروفیسر اپنے طالب علم کے ساتھ شادی کی روایتی رسمیں ادا کر رہی ہیں، طالب علم نے خاتون کی مانگ میں سندور بھرا اور ایک دوسرے کو ہار پہنائے، کلاس روم میں موجود دیگر طلبہ بھی اس منظر کو دیکھ رہے تھے اور کچھ نے اس پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔
ویڈیو سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پرایک بحث چھڑ گئی ہے، کچھ صارفین نے اسے غیر اخلاقی قرار دیا جبکہ بعض نے اسے صرف ایک فنکارانہ مظاہرہ سمجھا،کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے میں ایسا واقعہ پیش آنا ناقابل قبول ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایک تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور تحقیقات مکمل ہونے تک خاتون پروفیسر کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے جبکہ طالب علم کو فی الحال کلاسز سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دوسری طرف خاتون پروفیسر نے اپنے دفاع میں وضاحت دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ دراصل سائیکو ڈرامہ پرفارمنس کا حصہ تھا جس کا مقصد نفسیاتی تجربہ کرنا تھا، ویڈیو صرف تعلیمی مقاصد کے لیے تھی لیکن اسے غلط طریقے سے وائرل کر دیا گیا جس سے یونیورسٹی کے سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔