وزیراعلیٰ مریم نواز نے پاکستان کی پہلی ای وی بس سروس کا افتتاح کردیا

Jan 31, 2025 | 14:34:PM

 (24  نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کی پہلی مکمل ای وی بس سروس کا افتتاح کردیا۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے الیکٹرک بس میں سواری کی اور تفصیلی معائنہ بھی کیا ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے ای وی بس کے بارے میں وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی ۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ الیکٹرک بس میں جی پی ایس لوکیشن ریکارڈر،وائی فائی، یو پی ایس پورٹ اور دیگر سہولیات موجود ہیں، الیکٹرک بس میں 30 نشستیں اور 80 مسافروں کی گنجائش ہو گی، الیکٹرک بس میں خصوصی افراد کے لئے ریمپ اور نشستیں مخصوص ہوں گی ۔

 مزید پڑھیں:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے" کھیلتا پنجاب "گیمز کا افتتاح کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ پہلی بار میں بس مسافروں کے تحفظ کے لئے فرش پر اینٹی سلپ شیٹ کا استعمال کیا گیا ہے ، مکمل الیکٹرک بس کے لئے نو مخصوص چارجنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں، ایک بار چارجنگ کے بعد بس 250 کلومیٹر فاصلہ طے کر سکے گی ، بس میں مسافروں کی سہولت کے لئے روٹ ڈسپلے بھی نظر آئے گا۔

الیکٹرک بس میں خواتین کے لئے الگ فی میل سیکشن ہو گا، ہراسانی کے واقعات کے سد باب کے لئے کیمرے بھی نصب ہوں گے ، لاہورکے سب سے بڑے طویل ترین 21کلو میٹر روٹ پر 27الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی ، الیکٹرک بس ریلوے سٹیشن تا گرین ٹاؤن براستہ کوئینز روڈ، مزنگ، فیروز پور روڈ،کیمپس پل اور اچھر ہ کینال نہرچلے گی۔

مزید پڑھیں: مریم نواز شریف کا راولپنڈی رنگ روڈ کا اچانک دورہ،منصوبے کا دائرہ بڑھانے کی ہدایت 

لاہور کی پہلی ای بس سروس پر 17 ہزار مسافر روزانہ سفر کر سکیں گے ، ریلوے سٹیشن تا گرین ٹاؤن روٹ ای وی بس سروس کا باقاعدہ آغاز فروری کے وسط میں ہوگا ، ریلوے سٹیشن تا گرین ٹاؤن روٹ پر 42 جدید ترین بس شیلٹر زبھی قائم کئے گئے ہیں، ہر 9 منٹ کے بعد بس آئے گی۔

الیکٹرک بس کے لئے مخصوص ایپ بھی متعارف کرائی جائے گی جس سے بس کی ٹریکنگ ممکن ہو گی، الیکٹرک بس کا کرایہ ڈیجیٹل والٹ،ڈیجیٹل کارڈ کے ذریعے ادا کیا جا سکے گا ، یورنیورسل ٹرانسپورٹ کارڈ بھی ایشو کئے جائیں گے ، الیکٹرک بس کے لئے 70 ڈرائیور زکی سپیشل ٹریننگ کا آغاز ہو گیا۔

مزید پڑھیں:مریم نواز کا فروری میں صوبہ بھر میں 20 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف

وزیراعلی ٰ پنجاب مریم نواز نے بس سٹینڈ پر سولر فین اور واٹر کولر کی تنصیب کا جائزہ لینے کی ہدایت جبکہ ہر بس سٹینڈ پرسیف سٹی کیمرے نصب کرنے کا حکم دیا۔

بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس بھی ہوا جس میں ای ٹیکسی پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، مریم نواز نے ای ٹیکسی کی پنجاب میں اسمبلنگ کا جائزہ لینے اور نجی اشتراک سے الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کے اقدامات کی ہدایت دی۔ 

مزیدخبریں