(24 نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ 90 فیصد کارکردگی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، کابینہ ارکان باقی اقدامات پر توجہ دیں تاکہ کارکردگی 100 فیصد رہے، منصوبے تجویز کرتے وقت صوبے کی مجموعی ترقی اور مفاد کا خیال رکھا جائے۔صوبائی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ عوام کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ ماہ رمضان کے دوران ہر حلقے میں 5 ہزار غریب خاندانوں کو 10 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیرِ صدارت کابینہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ مارچ میں حکومت کی ایک سالہ کارکردگی عوام کے سامنے رکھی جائے گی لہٰذا کابینہ ارکان کارکردگی عوام کے سامنے رکھنے کی تیاری مکمل کریں۔کابینہ اجلاس میں ماہ رمضان کیلیے اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو رمضان میں عوامی ریلیف کیلیے تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ہر حلقے میں 5 ہزار غریب خاندانوں کو 10 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے، سی ایم ہاؤس میں سیل قائم ہوگا جہاں سے رمضان ریلیف اقدامات کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیرِ صدارت ہونیوالے کابینہ اجلاس میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے اسپیشل انویسٹی گیشن ونگ کیلیے پولیس اسٹیشن کے قیام، ڈی ٹاک اور انسولین فار لائف منصوبے کیلیے 5 ملین امریکی ڈالر گرانٹ کی منظوری دی گئی، ۔ اجلاس میں پشاور میں ارنم اسپتال میں سہولیات بہتر بنانے کیلیے منصوبے کی لاگت میں اضافے، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو خیبر پختونخوا انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس سے مستثنیٰ کرنے اور کابینہ خیبر پختونخوا پروموشن پالیسی 2009 میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: خانپور:نامعلوم وجوہات کے باعث سورج گلی کے پہاڑوں پر اچانک آگ بھڑک اٹھی