(24 نیوز)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کاکہناہے کہ عام آدمی جان چکا ہے کہ تبدیلی کا اصل چہرہ بے روزگاری ہے،تبدیلی کا اصل چہرہ مہنگائی ہے ،اپوزیشن کے دوستوں کے پاس پالیسی نہیں کہ حکومت کو کیسے گھر بھیجاجائے،اگرہم ملکر کام کریں تو پنجاب سے بزدار کو بھگاسکتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ آزادکشمیر کے ٹکٹ ہولڈرز کیساتھ ایک سیشن رکھا،ایک بارپھر دھاندلی کے ثبوت پیش کئے گئے ،آزادکشمیر الیکشن میں بڑی تعداد میں پیسے بانٹے گئے،آزادکشمیر کی تاریخ میں اتنا ساراپیسہ کبھی نہیں بانٹا گیا،ہم ہر پلیٹ فارم پر اس دھاندلی کو بے نقاب کریں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں مودی کشمیریوں کو نشانہ بنارہا ہے،آزادکشمیر میں پی ٹی آئی ہمارے رکن پر حملے کرتی ہے،پیپلزپارٹی سیاسی انتقام برداشت نہیں کرے گی ،ہم اپنے اراکین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔
بلاول بھٹو زرداری کاکہناتھا کہ عام آدمی جان چکا ہے کہ تبدیلی کا اصل چہرہ بے روزگاری ہے،تبدیلی کا اصل چہرہ مہنگائی ہے ،کراچی سے کشمیر تک پیپلزپارٹی تبدیلی سرکارکو گھر بھیجے گی۔
انہوں نے کہاکہ آپ لوگوں نے لیاری کے کارکن کا بیان چلایا اسے کشمیر کا کیا پتا؟پیپلزپارٹی نے 11 سیٹیں چھین کرحاصل کی ہیں ،پی پی نے اپنے کارکن کوشوکاز نوٹس بھیجا یہ موضوع ختم ہو چکا۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ دیگر جماعتوں کے بارے میں کم بات کروں گا،اپوزیشن کے دوستوں کے پاس پالیسی نہیں کہ حکومت کو کیسے گھر بھیجاجائے،اگرہم ملکر کام کریں تو پنجاب سے بزدار کو بھگاسکتے ہیں،اپوزیشن جماعتوں سے زبردستی عدم اعتماد نہیں لے سکتا،انہوں نے کہاکہ ہماری پالیسی میں تسلسل موجود ہے ،الیکشن کے حوالے سے ہم بہت ساری ویڈیوز نکال سکتے ہیں،حکومت کا وزیر پیسے بانٹ رہا ہے فائرنگ کررہاہے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلزپارٹی صاف و شفاف الیکشن چاہتی ہے،عمران خان نے ناجائز طریقے سے یہ منصب حاصل ہے ،یہ کوئی کرکٹ میچ نہیں جہاں ٹیمپرنگ ہو،پیپلزپارٹی جمہوری جدوجہد پر یقین رکھنے والی جماعت ہے ،بھارتی میڈیا نے آزادکشمیر انتخابات کو پاکستان کیخلاف استعمال کیا،پاکستان کے قومی مفاد اورفارن پالیسی کو حکومت نے نقصان پہنچایا،عمران خان نے ناجائز طور پراس کرسی کو سنبھالا، خان صاحب نے پاکستان عوام کو لاوارث چھوڑ دیا ہے، اسلام آباد میں بارشوں سے تباہی ہوئی کوئی حکومتی نمائندہ وہاں نہیں پہنچا۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت عوام کی صحت پر سیاست کرنا چاہتی ہے،سندھ حکومت اپنے لوگوں کو بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، کورونا سے بھارت جیسا پاکستان میں ہوا تو ذمہ دار وفاقی حکومت ہو گی،بھارت میں کورونا عروج پر تھا، بارڈر کھولنے سے پاکستان میں ڈیلٹاویرینٹ آیا،وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ہر پاکستانی کا خیال کرے،ہماراخیال کرنے کے بجائے وفاق سندھ کے عوام کی بے عزتی کررہی ہے،یہ جانتے تھے سندھ حکومت کو لاک ڈاﺅن لگانا پڑے گا پھر بھی تنقید کررہے ہیں،کراچی میں بھارت جیسی صورتحال ہوئی تو عمران خان اور ان کے وزیر ذمہ دار ہوں گے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ وفاقی حکومت نے سندھ میں ویکسی نیشن کے مرحلے کو متاثر کیا ہے،اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے فیصلہ کرلیا تو حکومت کو جانا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا میں مبتلا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی طبیعت بہتر نہ ہوسکی، ہسپتال منتقل