(24 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین کے لئے مالی امداد کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 8،8لا کھ روپے مالی امداد دے گی، متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی جلد تعمیر و مرمت کا حکم دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سڑکوں کی بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیرصدارت اجلاس ایوان وزیراعلی میں ہوا، اجلاس میں ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ اور میانوالی کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ گھروں، فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرہ افراد کی مالی معاونت کی جائے گی-سیلاب متاثرہ علاقوں میں سب سے پہلے ریسکیو 1122کا عملہ پہنچا ہے۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل کیمپس میں سیلاب متاثرین کو وبائی امراض سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگائی جائے- سانپ کاٹنے اور ہیضہ سے بچاؤ کی ادویات میڈیکل کیمپس میں دستیاب ہونی چاہئیں۔
سیلاب متاثرین میں خشک راشن تقسیم کیا جائے- ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے سیلابی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے- کمشنر،ڈپٹی کمشنرز،آر پی او اور ڈی پی اوز منتخب نمائندوں کے ساتھ مل کر متاثرین کی دادرسی کے لیے کوئی کسراٹھا نہ رکھیں ، ریلیف کی تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے اور باقاعدگی سے رپورٹ پیش کی جائے-
یہ بھی پڑھیں: بادل جم کر برسیں گے،محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی