(ویب ڈیسک) پی ٹی آ ئی کی پنجاب میں حکومت آ نے کے بعد وزیر اعلی پنجاب ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد اب پنجاب کابینہ کے لیےنئےوزرا کی تعیناتی کے لیےسابق وزیر اعظم عمران خان نو منتخب وزیر اعظم پرویز الہی کے ساتھ مل کر آج مشاورت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے آج لاہور دورے کا امکان ہے،چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان آ ج کئی اہم فیصلے کریں گے۔ سابق وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی کابینہ میں شامل بہتر کارکردگی والے وزراء بھی نئی کابینہ میں شامل ہونگے۔
سابق وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کو دوبارہ وزیر قانون پنجاب بنانے کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا، جب کہ یاسمین راشد کو ہی وزیر صحت بنایا جائے گا، راجہ یاسر ہمایوں اور ڈاکٹر مراد راس کو اسکولز اور ہائی ایجوکیشن کا وزیر بنایا جائے گا۔ میاں محمود الرشید، چوہدری ظہیر الدین، میاں اسلم اقبال بھی کابینہ میں شامل ہونگے، جب کہ محسن لغاری، ہاشم جواں بخت، فیاض الحسن چوہان کو صوبائی کابینہ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کابینہ میں شمولیت کیلئے صمصام علی بخاری، سردار آصف نکئی، حسین جہانیاں گردیزی کو بھی صوبائی وزیر بنانے پر غور کیا گیا، جب کہ مزید ناموں پر مشاورت آج ہوگی۔
پنجاب کی نئی کابینہ کیلئے ناموں پر سابق وزیراعظم عمران خان اور نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی آج بروز اتوار 31 جولائی کو مشاورت کریں گے۔