"دشمن تمام سرخ لکیروں کو عبور کرگیا ہے", حماس کے رہنما کا سربراہ کی شہادت پر بیان

Jul 31, 2024 | 10:15:AM

(ویب ڈیسک)فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اپنے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر بیان جاری کردیا۔

حماس نے تہران میں کیے جانے والے اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی تصدیق کی جب کہ حملے میں ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔

اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ہنیہ کی شہادت پر فلسطینی عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، شہادت پر عرب عوام، امت مسلمہ اور دنیا بھر کے انصاف پسند عوام سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

حماس رہنما موسیٰ ابو مرزوق نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل ایک بزدلانہ فعل ہے جس کی سزا دی جائے گی، یہ ایک سنگین واقعہ ہے، ہنیہ کے قتل سے اسرائیل کو اس کے مقاصد حاصل نہیں ہوں گے۔

حماس رہنما سامی ابو زہری نے کہا کہ ہم بیت المقدس کو آزاد کرانے کے لیے کھلی جنگ لڑ رہے ہیں، بیت المقدس کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:فلسطین کے سابق وزیراعظم ،حماس سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہانیہ قاتلانہ حملے میں شہید

پاپولرفرنٹ فارلبریشن آف فلسطین کے ترجمان مہر الطاہر نے کہا کہ شہید اسماعیل ہنیہ نے فلسطین کاز کے لیے اپنا سب سے قیمتی مال دیا، فلسطینی اپنے مقصد کے لیے ہر عزیز اور قیمتی چیزپیش کرنےکو تیار ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دشمن اسرائیل تمام سرخ لکیروں کو عبور کرگیا ہے، اسرائیل نے معاملات کو ایک جامع جنگ کی طرف دھکیل دیا ہے، مزاحمتی تنظیمیں جنگ کے لیے پوری طرح تیار ہے،، اسرائیلی حکومت ہنیہ کےقتل اورایرانی خودمختاری پرحملےکے گناہ پرپچھتائے گی، شہید اسماعیل ہانیہ کا قتل امریکی مدد کے بغیر نہیں ہو سکتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:اسماعیل ہانیہ کون تھے؟

 اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہےکہ اسرائیلی وقت کے مطابق رات تقریباً 2 بجے تہران کے قلب میں ایک میزائل فائرکیا گیا جہاں اسماعیل ہنیہ اپنے محافظ سمیت موجود تھے، اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہیگیری نے امریکی میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہم معاملات کو جنگ کے بغیر درست کرنا چاہتے ہیں تاہم کسی بھی صورتِ حال کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

فلسطینی میڈیا کا کہنا ہےکہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی اطلاع کے بعد غزہ اور مغربی کنارے میں شدید جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی ایران میں شہادت پر فلسطینی مزاحمتی گروپوں نے رام اللہ اور نابلس میں بڑے پیمانے پر مظاہروں کا اعلان کر دیا، النجاہ یونیورسٹی نے بھی کلاسز اور کام معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔

خیال رہے کہ  اسرائیلی فوج کے جنوبی بیروت پر حملے میں 2  بچوں سمیت 3  افراد شہید،74 زخمی ہوگئے، ادھر غزہ میں حکام کا کہنا ہے کہ مشرقی خان یونس سے مزید 42 لاشیں برآمد ہوئی ہیں،۔

غزہ حکام کےمطابق اسرائیلی فوج کی زمینی کارروائی میں 10 روز کے دوران 255 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، اسرائیلی حملوں میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 39 ہزار 400 ہوچکی۔

واضح رہےکہ  حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ تہران میں قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے، حملے میں ہنیہ کے ساتھ ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا۔

مزیدخبریں