(24نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نےتوڑ پھوڑ کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی دونوں کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
اسلام آباد کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 7 ستمبر کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے، انسدادِ دہشتگردی عدالت میں بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی اور دیگر کے خلاف توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے بعد اے ٹی سی جج طاہر عباس سِپرا نے جیل حکام کو ویڈیو لنک پیشی کے انتظامات کرنے کا حکم دے دیا۔
جج طاہر عباس سِپرا نے سوال کیا کہ کیا شاہ محمود قریشی سزا یافتہ قیدی ہیں؟ کون سی جیل میں ہیں؟،پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ شاہ محمود قریشی سزا یافتہ نہیں ہیں اور وہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں، جس کے بعد جج نے کہا ہے کہ ملزمان کو ویڈیو لنک کے ذریعے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔
یادرہے کہ بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی و دیگر کارکنان کیخلاف تھانہ کھنہ میں 2 مقدمات درج ہیں۔