اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے فلسطین کی آزادی کی تحریکیں کبھی ختم نہیں ہوں گی،فضل الرحمٰن

Jul 31, 2024 | 13:08:PM
اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے فلسطین کی آزادی کی تحریکیں کبھی ختم نہیں ہوں گی،فضل الرحمٰن
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صدر مولانا فضل الرحمٰن نے حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر جمعیت علمائے اسلام (ف)نے کہا ہے کہ جے یو آئی اسماعیل ہنیہ کے خاندان اور فلسطینیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے فلسطین کی آزادی کی تحریکیں کبھی ختم نہیں ہوں گی۔

مولانا فضل الرحمٰن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ سے جب ملاقات ہوئی تو وہ شہادت کے جذبے سے سرشار تھے، اسماعیل ہنیہ اور ان کے خاندان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اس شہادت پر آج قومی اسمبلی، سینیٹ، کے پی کے اور بلوچستان اسمبلی قرادادیں پیش کریں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے اسماعیل ہنیہ کے بلند درجات کیلئے ملک بھر میں قرآن خوانی کی اپیل اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دی ہے، مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت اور اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر بھرپور مظاہرے کئےجائیں گے۔

یاد رہے کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے ہیں، غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس نے اسماعیل ہنیہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے،وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایران گئے تھے، حماس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تہران میں اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ شہید ہوئے، حماس کے سیاسی سربراہ پر حملے کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی،میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے میں اسماعیل ہنیہ کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔