سعودی وزارت حج و عمرہ نے انتباہ جاری کردیا

Jul 31, 2024 | 14:16:PM

(ویب ڈیسک)سعودی وزارت حج نے کہا ہے کہ مملکت آنے والے عمرہ زائرین حرمین شریفین کے تقدس اور دوسروں کا خیال رکھتے ہوئے راہداریوں و صحن میں سونے اور لیٹنے سے گریز کریں۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج کا ایکس اکاؤنٹ پر انتباہی بیان میں کہنا تھا کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں آنے والے زائرین اپنا زیادہ وقت عبادت میں گزاریں۔

بیان کے مطابق راہداریوں اور صحن میں آرام کرنا مناسب نہیں خاص کر ان راستوں پر قطعی طور پر نہ بیٹھیں جو ہنگامی حالات میں استعمال کے لیے مخصوص ہیں علاوہ ازاں دیگر زائرین کی سہولت کا بھی خیال رکھیں جو ان راستوں سے گزرتے ہیں۔

دیگر افراد کو راستوں پر لیٹنے یا سونے سے مشکلات اُٹھانی پڑتی ہیں جبکہ اس کی وجہ سے راستے بھی بند ہوجاتے ہیں جس سے راہدایوں میں جانے والوں کو کافی دشواری ہوتی ہے۔

اس سے قبل سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ کی جانب سے خبردار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ حج پر آنے والے ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل اپنے مقررہ وقت پر وطن واپس روانہ ہوجائیں۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزیرداخلہ سےکرم سے تعلق رکھنے والے وفد کی ملاقات،افسوسناک واقعات پر تشویش کا اظہار
وزارت حج و عمرہ نے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ حج ویزے پر آنے والے کے لیے ضروری ہے کہ وہ قوانین کی مکمل پاسداری کریں،ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد مملکت میں قیام کرنا غیرقانونی عمل شمار کیا جائے گا۔

مزیدخبریں