اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ کل صبح تہران میں، تدفین دوحہ میں ہوگی

Jul 31, 2024 | 17:53:PM

(24نیوز)حماس سیاسی ونگ کے شہید سربراہ اسماعیل ہنیہ کی کل صبح تہران میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور بعد ازاں میت دوحہ روانہ کی جائے گی، جہاں انہیں سپرد خاک کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی تہران میں کل صبح نماز جنازہ کے بعد  میت قطر کے دارالحکومت دوحہ لائے جائے گی اور جمعے کے روز ایک بار پھر نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور انہیں سپرد خاک کیا جائے گا، پاکستان سمیت کئی ممالک میں آج اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جب کہ متعدد مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے کل بھی مختلف مقامات پر غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کیا ہے،اسماعیل ہنیہ کے قتل کی ایران، ترکیہ، قطر، روس اور چین نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا اس سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور عدم استحکام میں مزید اضافہ ہوگا، حماس اور ایران نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت میں اسرائیل پر ذمہ داری عائد کی تاہم اسرائیل کی جانب سے تاحال نہ تو تردید اور نہ ہی تصدیق کی گئی ہے۔

 یاد رہے کہ اسماعیل ہنیہ ایران کے نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے بعد رات قیام کے لیے تہران کے گیسٹ ہاؤس پہنچے جہاں ان پر میزائل حملہ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسماعیل ہنیہ کے خاندان کے کتنے افرادابتک شہید ہو چکے ہیں ؟جانیے

مزیدخبریں