ایڈز کو روکنے کیلئے ویکسین کے تجربات کامیاب
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )امریکی دوا ساز کمپنی کی جانب سے کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ایچ آئی وی وائرس کو روکنے کے لیے بنائی گئی ویکسین خواتین اور نوجوان لڑکیوں میں موذی وائرس روکنے میں کامیاب ہوگئی۔
طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق امریکی دوا ساز کمپنی گلیڈ (Gilead) کی جانب سے ’سن لینکا‘ (Sunlenca) کے نام سے بنائی ویکسین کی آزمائش کے نتائج حوصلہ کن آئے ہیں اور آزمائش کے اختتام تک ایک بھی خاتون یا لڑکی ایچ آئی وی کا شکار نہیں ہوئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ماہرین نے افریقہ میں 16 سے 25 سال کی عمر کی خواتین اور لڑکیوں کو دو گروپس میں تقسیم کیا، ایک گروپ کو یومیہ گولیاں دی گئیں جب کہ دوسرے گروپ کو سال میں دو بار مذکورہ انجکشن لگایا گیا۔
تحقیق کے دوران 5 ہزار خواتین اور لڑکیوں کو ایچ آئی وی سے تحفظ کی ویکسین لگائی گئی اور انہیں اپنے ساتھیوں سے جنسی تعلق بھی قائم کرنے کی اجازت دی گئی تھی،تحقیق کے اختتام پر معلوم ہوا کہ جن خواتین اور لڑکیوں کو سال میں دو بار انجکشن لگائے گئے تھے، ان میں سے کسی بھی لڑکی کو ایچ آئی نہیں ہوا جب کہ جن کو یومیہ گولیاں دی گئی تھیں، ان میں سے دو فیصد لڑکیوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ یومیہ گولیوں کے مقابلے میں سالانہ دو بار انجکشن لگوانے سے خواتین اور لڑکیاں ایچ آئی وی کا شکار ہونے سے محفوظ رہتی ہیں،دوا ساز کمپنی نے اعلان کیا کہ خواتین میں کامیاب آزمائش کے بعد اب مردوں میں انجکشن کی آزمائش کی جائے گی،اگرچہ مذکورہ انجکشن کی آزمائش کے نتائج حوصلہ کن آئے ہیں، تاہم ماہرین نے مذکورہ انجکشن کے مہنگے ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس کی قیمت کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مذکورہ انجکشن کے دو ڈوز 40 ہزار امریکی ڈالر میں ملیں گے جب کہ ماہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ انجکشن کو انتہائی سستا یعنی فی ڈوز صرف 40 ڈالر تک کیا جانا چاہیے۔