فتنے کو ملکی سیاست سے مائنس کرنا لازم ہے: رانا ثنااللہ

Mar 31, 2023 | 14:14:PM

(ویب ڈیسک) رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ فتنے کو ملکی سیاست سے مائنس کر دینا لازم ہو گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ فتنے کو ملکی سیاست سے مائنس کرنا لازم ہے۔ اس فتنے نے ملکی سیاسی و انتظامی بحران میں عدلیہ کو بھی لا کھڑا کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنچاب اور خیبرپختونخوا دو صوبوں میں انتخابات کے مقدمے میں جسٹس مندوخیل نے بھی سماعت سے معذرت کر لی ہے، انہوں نے ایک افسوسناک بات اختلافی نوٹ میں لکھی ہے کہ رائے لیے بغیر ہی فیصلہ لکھ دیا گیا جو کہ انتہائی افسوسناک صورتحال اور قومی سانحے سے کم نہیں ہے۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے بینچ کا فیصلہ چیلنج نہیں ہو سکتا، یہ ایک فیلڈ ہولڈر ہی کرسکتا ہے، یہ بینچ 9 سے شروع ہوا تھا جو اب 3 پر آ چکا ہے۔ ایک قابلِ احترام جج پہلے بینچ سے الگ ہوئے اور اب بینچ کا حصہ ہیں۔ 

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر پورا بینچ اس مقدمے کا فیصلہ نہیں کرے گا تو انصاف ہوتا نظر نہیں آئےگا۔ تاہم آپ انارکی کا حصہ نا بنیں اور فل بینچ بنائیؓں تا کہ انصاف ہو، کیونکہ صرف انصاف ہونا ہی ضروری نہیں بلکہ انصاف ہوتا نظر آنا بھی ضروری ہے۔ 

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ایک فتنے نے ملک کی کیسی حالت کر دی ہے، اس فتنے کا اب پاکستانی سیاست سے مائنس ہونا نہایت لازم ہے۔ چیف جسٹس صاحب اس بات کا خود جائزہ لیں کہ ملک میں یہ فتنہ کیسے متعارف ہوا۔ یہ فتنہ چاہتا ہے کہ ملک میں افراتفری پیدا ہو، دونوں صوبوں کے وزیراعلٰی نے اسمبلیاں نہیں توڑیں لہٰذا یہ اسمبلیاں آئینی طور پر نہیں ٹوٹیں بلکہ اس فتنے نے اسمبلیاں دھونس، تکبر اور ضد میں توڑی ہیں۔

مزیدخبریں