(احمد منصور) سبی کے علاقے نوشمان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد مارا گیا جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کا یہ گروہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے اور کوئلے کی کان کے مالکان کو ہراساں کرنے میں ملوث تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان میں سبی کے جنوبی علاقے نوشمان میں دہشتگردوں کے ایک گروپ کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا، یہ دہشتگرد علاقے میں شہریوں کو نشانہ بنانے کے علاوہ کوئلہ کان کے مالکان کو ہراساں کرنے میں ملوث تھے۔ مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر گزشتہ دو دنوں سے دہشتگردوں کے علاقے میں مختلف راستوں پر متعدد گھات لگا کر تین دہشتگردوں کی ٹولی کو روکا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: شمالی وزیرستان،دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی اہلکار شہید
اس دوران روکے جانے پر انہوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ دو زخمی ہوئے۔ ان دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔