عوام بیروزگار، حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں: شہباز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو معیشت اور عوام کی تکالیف کا کوئی علم ہے، عوام بھوکے اور بیروزگار ہیں، حکمران سب اچھا ہے کی رپورٹ دے رہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، آج ملک کو اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے بحران کا سامنا ہے، عوام کو آٹا، گندم، چینی، سبزیاں، خوردنی تیل، دودھ، ادویات کی قلت کا سامنا ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کے روز کرپشن سکینڈلز آئیں گے تو عوام کی روٹی روزانہ مہنگی ہی ہوگی، آٹے کی قیمت میں 57 روپے فی کلو اضافہ ہوا، یہ 73 فیصد اضافہ ہے، 85 فیصد اضافے کے ساتھ چینی کی قیمت 120 اور 130 تک گئی، دودھ کی قیمت میں 31 فیصد اضافہ، فی لٹر 108 روپے سے زائد فروخت ہو رہا ہے، عوام کی بنیادی ضرورت کی یہ اشیاء انتہائی مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔