(24 نیوز)قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الہیٰ سے سوئٹزر لینڈ کے سفیر کی وفد کے ہمراہ ملاقات، باہمی تعاون خصوصاً تعلیم و صحت، تجارت اور سرمایہ کاری کے تمام شعبوں میں اضافہ کرنے پر اتفاق۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کے سفیر نے وفد کے ہمراہ قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پنجاب الہیٰ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کی قدر کرتا ہے۔ پاک سوئس تعلقات باہمی افہام او تفہیم، احترام اور تعاون پر مبنی ہیں۔ سوئٹزرلینڈ کے ساتھ باہمی تعاون خصوصاً تعلیم و صحت، تجارت اور سرمایہ کاری کے تمام شعبوں میں اضافہ کیا جائے۔
قائم مقام گورنر نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ پاکستان کا اہم تجارتی اور ترقیاتی شراکت دار ہے۔ پاکستان کے پانچ بڑے غیر ملکی سرمایہ کار ممالک میں سوئٹزرلینڈ بھی شامل ہے۔سوئس کمپنیاں اپنے کاروبار میں مزید اضافے کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ حکومت پاکستان نے انسداد دہشت گردی اور امن و امان کی بہتری کیلئے سخت اقدامات کئے ہیں جس کے نتیجے میں ہمارے داخلی سلامتی کے ماحول میں نمایا ں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوئس حکومت کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری پر اس سال نظر ثانی احسن اقدام ہے۔ کورونا وبا میں کمی کے بعد اس پر مزید نظر ثانی کی جائے۔ پاکستانی طلبا سوئس یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں بہترین مواقع سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، دونوں ممالک کے اعلیٰ تعلیم کے اداروں کے مابین خصوصاً میڈیسن، کلینیکل سائنس، سائیکالوجی اور اکنامکس اینڈ مینجمنٹ کے شعبے میں روابط قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
سوئٹزرلینڈ کے سفیر نے مہمان نوازی پر چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بڑا خوبصورت ملک ہے، یہاں پر تعیناتی میرے کیریئر کا ایک خوشگوار تجربہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جوہی چاولہ 5 جی ٹیکنالوجی کیخلاف عدالت پہنچ گئیں