پاکستانی فیملیز اور تاجروں کیلئے کویت کے حوالے سے بڑی خبر

May 31, 2021 | 20:40:PM

(24 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ،کویت کے دیرینہ تعلقات ہیں ، پاکستانی فیملیز اور تاجر اب کویت کاآن لائن انٹری ویزا حاصل کرسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کویت کی جانب سے پاکستانیوں کے لئے ویزے کی بحالی پر ترجمان دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ،کویت کے دیرینہ تعلقات ہیں جومشترکہ عقائد ، اقدارپربنی ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات کئی شعبوں میں فروغ پا رہے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ اسی جذبے کے تحت کویت نے فیملی اوربزنس ویزا بحال کئے ہیں، دوسرے خلیجی ممالک میں بسنے والے پاکستانی تاجر اب کویت کاآن لائن انٹری ویزابھی حاصل کرسکتے ہیں۔
 واضح رہے وزیر داخلہ شیخ رشید کی کویتی وزیراعظم شیخ صباح خالدالحامدالصباح سے ملاقات ہوئی تھی ، جس میں 10سال بعد پاکستانی شہریوں کے لئے کویت کا ویزا بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ سامنے آیا ہے۔
فیصلوں کے مطابق میڈیکل اور آئیل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزا پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی آن لائن ویزا لے کراب کویت آسکیں گے۔ 
کویتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات 7دہائیوں پر محیط ہیں، پاکستان اور کویت کے عوام کے درمیان پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جوہی چاولہ 5 جی ٹیکنالوجی کیخلاف عدالت پہنچ گئیں

مزیدخبریں