(24 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے دورے کے موقع پر اپنے خطاب میں کہی۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر کمانڈنٹ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میجر جنرل عامر احسن بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ا?رمی چیف نے کورس کے شرکا سے خطاب میں پیشہ وارانہ امور، ملکی اور علاقائی سکیورٹی صورتحال پر اظہار خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی سطح پر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کا امن واستحکام خطے کے زیر التوا مسائل کے ساتھ جڑا ہے۔ ان مسائل کو بین الاقوامی حمایت اور عزم کے ساتھ حل کیا جا سکتا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کورونا وائرس پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی وبا پر قابو پانے کیلئے پاک فوج دیگر اداروں کیساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ مشترکہ قومی کوششیں ملک کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جا سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین نیب سے چینی سفیر کی ملاقات۔۔کرپشن کے خاتمے کی کوششوں کو سراہا