(24 نیوز) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جون کے مہینے کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 8 روپے 4 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا، جس کے بعد ایل پی جی کا 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 94 روپے 89 پیسے مہنگا ہوگیا۔
اوگرا نے ایل پی جی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق جون کیلئے ہوگا، گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1667 روپے 29 پیسے ہوگئی، جبکہ مئی میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 1572 روپے 40 پیسے کا تھا۔
گزشتہ روز اوگرا نے وزیر اعظم کو پٹرول، مٹی کے تیل اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی بھی سمری ارسال کی ہے۔
ادھر صدر کراچی ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عمران فاروقی نے کہا ہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں اچانک 30 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے ملک میں ایک بار پھر ایل پی جی کا مصنوعی بحران پیدا کیا جا رہا ہے۔عمران فاروقی کا کہنا تھا ایل پی جی صنعت پر کچھ افراد کی اجارہ داری قائم ہے، ملک میں گیس کی کوئی قلت نہیں، موسم گرما میں گیس کی قلت کا کوئی جواز نہیں، اوگرا، وزارت پیٹرولیم سمیت دیگر ادارے صورت حال کا فوری نوٹس لیں۔
چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہور عرفان کھوکھر نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ اگر ٹیکس لگایا گیا اور ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 30 جون کو ملک بھر میں ہڑتال کریں گے۔ان کا کہنا تھا زمینی راستے سے آنے والی ایل پی جی پر ریگولیٹری ڈیوٹی لگا دی گئی ہے جب کہ دوسری طرف ایل این جی کی امپورٹ پر اربوں روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے، ایل این جی کی طرح ایل پی جی پر لگے تمام ٹیکس کا خاتمہ کیا جائے۔
گزشتہ روز چیئرمین ایل پی جی ڈیلرز عرفان کھوکھر نے بھی کہا تھا کہ ملک بھر میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 20 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے اور نئی قیمت فی کلو 110 روپے ہو گئی، گھریلو سلنڈر پر 200 روپے، کمرشل پر 900 روپے کا اضافہ ہوا، اس اضافے کی وجہ زمینی راستے سے ایل پی جی رسد کا کم ہونا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں قیمتیں مزید بڑھ جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق اپنا فیصلہ سنا دیا