نااہلی کا معاملہ۔تحریک انصاف کے ڈی سیٹ منحرف ارکان نےبڑا فیصلہ کرلیا

May 31, 2022 | 10:12:AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب اسمبلی سے ڈی سیٹ ہونے والے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تحریک انصاف کے ڈی سیٹ ہونے والے پنجاب کے منحرف ارکان نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کے لئے مشاورت کا عمل مکمل کر لیا ہے، ڈی سیٹ ارکان اسمبلی نے اپنی لیگل ٹیم کیساتھ مشاورت میں اپیل کو حتمی شکل بھی دیدی، اگلے 48 گھنٹوں میں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی جائے گی، تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان اسمبلی الیکشن کمیشن کی طرف سے ڈی سیٹ کئے جانے کیخلاف عدالت میں اپیل دائر کر رہے ہیں، ڈی سیٹ ہونے والے ارکان اپیل کے ساتھ ساتھ ضمنی انتخاب کے عمل میں بھی حصہ لیں گے۔

دوسری جانب منحرف رکن زہرہ بتول نے الیکشن کمیشن کے فیصلے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی۔عدالت سے استدعا کی گئی کہ اپیل منظور کر کے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیںحمزہ شہباز کی کرسی خطرے میں ۔ ہائیکورٹ سے خبر آ گئی

خیال رہےکہ پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو الیکشن کمیشن نے ڈی سیٹ کیا تھا۔ڈی سیٹ ہونے والے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی میں راجہ صغیر احمد، ملک غلام رسول سنگا، سعید اکبر خان، محمد اجمل، علیم خان، نذیر چوہان، محمد امین ذوالقرنین ، ملک نعمان لنگڑیال، محمد سلمان، زوار وڑائچ، نزید احمد خان، فدا حسین، زہرہ بتول، محمد طاہر، عائشہ نواز، ساجدہ یوسف، ہارون عمران گل، عظمی کاردار، ملک اسد، اعجاز مسیح، سبتین رضا، محسن عطا خان کھوسہ، میاں خالد محمود، مہر محمد اسلم اور فیصل حیات شامل ہیں۔

 ڈی سیٹ ہونیوالوں میں 5 ارکان کا تعلق علیم خان گروپ سے ہے،  4 ارکان کا تعلق اسد کھوکھر گروپ جبکہ 16 ارکان کا تعلق ترین خان گروپ سے ہے۔

مزیدخبریں