(24نیوز)تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ ،پولیس پر تشدد اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمے میں عدالت نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد،میاں محمود الرشید، مراد راس اور میاں اسلم اقبال کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن عدالت نے 50 ہزار مچلکوں کے عوض ڈاکٹر یاسمین راشد،میاں محمود الرشید، مراد راس اور میاں اسلم اقبال کی عبوری ضمانت 11 جون تک منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاریوں سے روک دیا۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کیا ہم نے کوئی قاتلانہ حملے کیے ،،ظلم اور قاتلانہ حملے ہم پر کئے گئے ،ہم تھانوں میں جاتے ہیں ایف آئی آر کے لیے تو مقدمہ درج نہیں ہوتا ،وکیلوں کے خلاف بھی مقدمات درج ہوئے ،ہم نے ہمیشہ کہا کہ یہ گنڈا گردی کرنے والے لوگ ہیں ،یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے ماڈل ٹاؤن میں 14 قتل کیے ،میری عمر کا بھی خیال نہیں کیا گیا ۔