(24 نیوز)وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ سے قبل پی ٹی آئی کے جتھے یہاں پہنچ چکے تھے، تحریک انصاف نے توہین عدالت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کا مقصد جلسہ کرنے نہیں بلکہ افراتفری اور انتشار پھیلانا تھا۔ ان کے آنے سے پہلے تین چار ہزار لوگ ڈی چوک پہنچ چکے تھے، یہ لوگ کہاں کہاں سے آئے تھے ہم نے سب کو مارک کر لیا ہے۔ انتشار کے لیے پارلیمنٹ لاجز اور کے پی کے ہاؤس میں مسلح لوگوں کو لا کر ٹہرایا گیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کے اس بیان کے بعد کہ اُن کے لوگ مسلح تھے، اب کسی مزید ثبوت کی ضرورت نہیں رہتی۔اسلام آباد، راولپنڈی کے شہریوں نے اس فتنہ اور فسادی مارچ میں شرکت نہیں کی، خان صاحب آپ دو سو فیصد گولیاں چلانے کے ارادے سے آئے تھے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ پولیس کے پاس صرف ربڑ بلٹس اور آنسو گیس کے شیل تھے، پولیس کی جانب سے ایک فائر بھی نہیں کیا گیا، یہ کوئی سیاسی مارچ نہیں تھی، یہ ایک مجرمانہ فعل تھا، یہ عمل قابل سزا ہے، فتنہ اور فسادی مارچ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ سے درخواست کی ہے کہ اس فتنے اور فساد میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کئےجائیں۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرین میں خاتون سے زیادتی کیس کا ڈراپ سین