9 مئی کے واقعات پر جے آئی ٹی کی تشکیل کیلئے درخواست پر سماعت، فریقین کو نوٹس جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث خواتین کی تفصیل اور جے آئی ٹی کی تشکیل کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی جہاں ہائیکورٹ کی جانب سے وفاقی حکومت، پنجاب حکومت اور آئی جی پنجاب سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیا گئے۔
اس حوالے سے عدالت نے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین سے 6 جون کو جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس سید شہباز علی رضوی نے پی ٹی آئی کی سینیٹر زرقا سہروردی تیمور کی درخواست پرسماعت کی۔
زرقا سہروردی تیمور کی جانب سے جے آئی ٹی کی تشکیل کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیے: عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کیلئے زمان پارک سے روانہ
اس موقع پر پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل غلام سرور نہنگ اور لاء آفیسر ستار ساحل پیش ہوئے۔
عددالت میں پنجاب حکومت کے وکلاء نے درخواست کی مخالفت کی۔
جسٹس شہباز رضوی نے کہا کہ آئی جی صاحب کہہ رہے تھے کہ ہم نے سب ڈیٹا اکٹھا کردیا ہے، آپ کو ایک کلپ میں سب مل جائے گا۔
اس کے جواب میں پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار جنرل کی بجائے مخصوص استدعا کریں۔
اس پر عدالت کا کہنا تھا کہ آپ ایک کلپ میں ڈیٹا لے آئیں، کتنی نظر بند، کتنی گرفتار اور کتنی رہا ہوئیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا جس میں پی ٹی آئی کی خواتین سیاسی کارکنوں نے بھی حصہ لیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نےخواتین کانسٹیبلز کے بغیر خواتین کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے، مرد پولیس اہلکاروں نے پی ٹی آئی کی خواتین حامیوں کو گرفتار اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت خواتین کے تحفظ، وقار اور عزت کو یقینی بنانے کا حکم دے اور 9 مئی کے واقعات میں گرفتار تمام خواتین کے بارے میں تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ عدالت جسمانی تشدد کے الزامات کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کی تشکیل کا حکم دے۔