گرمی کی شدت میں اضافہ،محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

May 31, 2024 | 12:26:PM
ہیٹ ویو کے باعث شدید گرمی کی شدت میں اضافہ  ہونے لگا،ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہنے کے ساتھ گرد آلود ہوائیں /جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
کیپشن: file photo
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(فاطمہ عارف)  ہیٹ ویو کے باعث شدید گرمی کی شدت میں اضافہ  ہونے لگا،ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہنے کے ساتھ گرد آلود ہوائیں /جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 31 فیصد ہے جبکہ ہوا 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے بارش کا کوئی امکان  نہیں ہے۔

ماہرین کی جانب سے شہریوں کو  گرمی سے بچاؤ  کیلئےاحتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شہر لاہور کی فضائی آلودگی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ائیر کوالٹی انڈکس کی مجموعی شرح 165  ریکارڈ،فیز8-ڈی ایچ اے 159،سید مراتب علی روڈ 172,شاہراہ قائداعظم 159  جبکہ یو ایس کونسلٹ 159 ائیر کوالٹی انڈکس ریکارڈ کیا گیا  ہے۔

دوسری جانب  کراچی آج بھی  ہیٹ ویو کے باعث شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ پارہ42 ڈگری کو چھونےکاامکان ہے۔  گزشتہ روز 41.5 ڈگری کے ساتھ کراچی سال کا گرم ترین دن رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر میں 2 روز تک ہیٹ ویو برقرار رہے گی۔ نمی کا تناسب زائد ہونے سے شہر میں گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے جبکہ 2 جون سے کراچی کا موسم مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے ہیٹ ویو کے باعث شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ  ریکارڈ کی گیا ہے جبکہ گرمی کی شدت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔ مغربی سمت سے 24 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔

مزید پڑھیں:  چاول کی قیمتوں میں 40 سے 70 روپے فی کلو تک کمی  

ملک میں گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 51 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، لسبیلہ میں 50، دادو، سبی، تربت، موہنجوداڑو میں 49، خیر پور، لاڑکانہ، بہاولنگر 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ حیدرآباد، قصور، رحیم یار خان، سکھر، بہاولپور، بھکر، جوہر آباد، خانیوال، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ میں 47، لاہور 45، پشاور 42،کراچی 40 اور کوئٹہ میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ شدید گرمی کے پیش نظر ماہرین نے ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے پانی کے زیادہ استعمال، ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہننے اوربلاضرورت باہر نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے سندھ کے اکثر مقامات پر شدید گرمی کی لہر یکم جون تک برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جب کہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں اور جھکڑ چلنےکے ساتھ بارش کی توقع بھی کی جارہی ہے۔ ملکی مجموعی صورتحال کے مطابق  پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کے ساتھ گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے تاہم چکوال، راولپنڈی، اٹک، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، منڈی بہاؤلدین اورسرگودھا میں آندھی اور جھکڑ چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔اس کے علاوہ مری، گلیات اور گردو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔