(24نیوز)سکیورٹی فورسز نے پشاور میں انٹیلی جنس آپریشن کر کے دہشتگرد سرغنہ کو ساتھی سمیت ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز نے 30 اور 31 مئی کی رات پشاور کے علاقے حسن خیل میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا، آپریشن میں دہشتگردوں کا سرغنہ ایاز عرف محمد اور دہشتگرد احمدی عرف کوچی ہلاک ہوا جبکہ دو دہشتگرد زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا، ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز کیخلاف متعدد دہشتگرد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشتگرد کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، مسلح افواج ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔