(آئمہ خان) محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے کراچی کی خداداد کالونی میں 40 سال پرانا واحد گرلز سکول منتقل کرنے کے حکم پر والدین نے بھرپور احتجاج کیا جس پر وزیرتعلیم سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے سکول کی منتقلی روک دی۔
محکمہ تعلیم سندھ کا انوکھا کارنامہ منظرِ عام پر آ گیا، ڈائریکٹر سکولز نے 200 طالبات کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے، 40 سال پرانا گرلز سکول کئی کلومیٹر دور منتقل کرنے کا حکم جاری کردیا، خداداد کالونی کراچی کا واحد گرلز سکول بھی محکمہ تعلیم کو کھٹکنے لگا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری، کون کون شامل؟ جانیے
دوسری جانب والدین اور طالبات کی جانب سے محکمہ تعلیم سندھ کے جاری کردہ حکم کے خلاف احتجاج جاری ہے، والدین حکومت سندھ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ خداداد کالونی کے واحد سیکنڈری سکول میں دوپہر کی شفٹ جاری رکھی جائے اور محکمے کو سکول منتقلی سے روکا جائے تا کہ ان کی بیٹیاں تعلیم کے زیور سے محروم نہ رہ جائیں۔
والدین کا مزید کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں ہم سکول آنے جانے کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے، اگر سکول منتقل کر دیا گیا تو وہ اپنی بیٹیوں کو مزید نہیں پڑھا سکیں گے، ہمارے بچے یہاں سے پڑھے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ اس سکول کو ادھر ہی رکھا جائے۔
واضح رہے کہ مسلم گورنمنٹ گرلز سیکنڈری سکول خداد داد کالونی کراچی میں 200 طالبات زیر تعلیم ہیں جن کا مستقبل داؤ پر لگا ہے، والدین کے احتجاج پر وزیر تعلیم نے نوٹس لے کر سکول کے ٹرانسفر کو روک دیا۔