شاعر احمد فرہاد ایف آئی آر میں نامزد ہی نہیں: وکیل ذوالقرنین نقوی

May 31, 2024 | 17:31:PM

(سفیر رضا)  شاعر احمد فرہاد کے وکیل ذوالقرنین نقوی کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں احمد فرہاد نامزد نہیں، وقوعہ مظفرآباد کا ہے جبکہ احمد فرہاد اسلام آباد میں تھے، نہ ہی ان کا تعلق کسی ایکشن کمیٹی سے ہے۔

شاعر احمد فرہاد کے وکیل ذوالقرنین نقوی  نے مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو درخواست دی تھی کہ ہماری ملاقات احمد فرہاد سے کروائی جائے، تھانے میں احمد فرہاد سے ملاقات کی ہے ان کی صحت ٹھیک نہیں ہے، احمد فرہاد کو جینڈس ہے، ان کا وزن گر گیا ہے، ان کو موشن بھی ہیں، انہیں علاج کی ضرورت ہے، تھانے کے اندر احمد فرہاد کا علاج ممکن نہیں ہے، احمد فرہاد کو مینٹل ٹارچر یا ڈپریشن ہے، ان کی دماغی صحت درست نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری، کون کون شامل؟ جانیے

انہوں نے انکشاف کیا کہ ایف آئی آر میں احمد فرہاد نامزد نہیں ہیں، وقوعہ مظفرآباد کا ہے جبکہ احمد فرہاد اسلام آباد میں تھے، نہ ہی ان کا تعلق ایکشن کمیٹی سے ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ میں احمد فرہاد کی بازیابی کا معاملہ زیر سماعت ہے، یہاں کی ضمانت ہو گی تو وہ باہر آئیں گے، یہاں ضمانت ہو گی تو وہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کل انسداد دہشتگردی عدالت میں ان کے کیس کی سماعت ہوگی، انسداد دہشتگردی عدالت میں احمد فرہاد کی درخواست ضمانت پر آج بحث ہوئی، پراسیکیوٹنگ آفیسر اور پی ڈی ایس پیز نے ریکارڈ دینے کی بجائے کہا کہ حکومت کو لیٹر لکھا ہے اس معاملے میں سپیشل پراسیکیوٹر تعینات کرنا چاہتے ہیں، پی ڈی ایس پی خود سپیشل پراسیکیوٹر ہوتے ہیں مزید پراسیکیوٹر کی ضرورت نہیں ہے، یہ کیس کو طویل کرنا چاہتے ہیں، عدالت نے برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ آپ نے جو بھی کرنا ہے کل اس پر ہر صورت میں دلائل ہوں گے۔

مزیدخبریں