(24نیوز ) گلوبل وارمنگ اور ہیٹ ویو پر ٹاسک فورس میں ترمیم کر دی گئی ،ترمیم شدہ ٹاسک فورس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہونے والے گلوبل وارمننگ اور ہیٹ ویو جیسے چیلنجز کیلئے ٹاسک فورس میں نئی ترمیم کی گئی, وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی کوآرڈینیشن کی جانب سےجاری کردہ نوٹیفکیشن کےمطابق وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائےماحولیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم ترمیم شدہ ٹاسک فورس کی چیئر پرسن ہوں گی۔
ٹاسک فورس میں سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی، سیکرٹری آبی وسائل اور سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی، سیکرٹری وزارت اطلاعات،سیکرٹری نیشنل ہیلتھ کے علاوہ چیرمین این ڈی ایم اے، ڈی جی میٹ، اور تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز اس کے ممبران ہونگے.
رومینہ خورشید عالم کا کہنا ہے کہ ٹاسک فورس پورے ملک میں ہیٹ ویو کے اوپر اپنا فوری ریسپانس اور ہیٹ ویو پر قبل از وقت وارننگ جاری کرے گی، احتیاطی اقدامات، ٹایم لائن پر اپنا ایکشن پلان بنائے گی۔
ان کامزید کہنا تھا کہ ٹاسک فورس وزارت اطلاعات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے عوامی آگاہی کے لیے جامع معلومات پہنچائے گی،زرعی سیکٹر کیلئے پانی کی کمی پر وجوہات کا تعین، تشخیص اور منصوبہ سازی کرے گی۔
علاوہ ازیں ٹاسک فورس گلوبل وارمنگ اور ہیٹ ویو کی چیلنجز پر میڈیم اور لانگ ٹرم سفارشات تیار کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور کارکردگی میں سب سے پیچھے، رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا