وزیراعظم شہباز شریف 4 سے 8 جون تک چین کا دورہ کریں گے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)چینی وزارت خارجہ کی جانب سے وزیراعظم شہباز کے آنے والے دورہء چین کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا گیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان کے مطابق نے وزیراعظم کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف چینی وزیر اعظم لی کیانگ کی دعوت پر 4 سے 8 جون 2024 تک عوامی جمہوریہ چین کا دورہ کریں گے۔
چینی دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں موجودہ حکومت کے قیام کے بعد وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا یہ پہلا دورہء چین ہو گا، وزیراعظم شہباز اپنے دورے کے دوران صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کیانگ اور نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لیجی ان سے ملاقات کریں گے،دونوں ممالک کے رہنما چین پاکستان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہء خیال کریں گے اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر لائحہ ء عمل تیار کریں گے، وزیر اعظم بیئجنگ کے علاوہ چینی صوبوں گوانگ ڈونگ اور شانزی کا بھی دورہ کریں گے۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے پاکستان چین دوستی کو ماؤنٹ تائی سے تشبیہ دیتے ہوئے اسے انتہائی مضبوط اور مستحکم قرار دیا،ماؤنٹ تائی چین کے پانچ مقدس پہاڑوں میں سے ایک ہے اور اسے چین کے مذہب میں ایک کلیدی اہمیت حاصل ہے،ماؤنٹ تائی چین کے صوبہ شانڈونگ کا سب سے اونچا مقام ہے،تاریخی ریکارڈ کے مطابق، ماؤنٹ تائی 1000 قبل مسیح سے پہلے چاؤ خاندان کے دور حکومت کے دوران ایک مقدس مقام کی حیثیت اختیار کر گیا۔
چینی دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی طویل مدتی اسٹریٹیجک تعاون پر مبنی ہے ؛ دونوں ممالک اہم شراکت دار اور مضبوط دوست ہیں، چینی دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ہماری دوستی وقت کی کسوٹی پر کھڑی رہی ہے اور "ماؤنٹ تائی کی طرح مستحکم" ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب سےیو این کوآرڈینیٹر کی ملاقات، حکومت کی مختلف ریفارمز پر تبادلہ خیال