(وقاص عظیم)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے مئی 2024 میں مقررہ ہدف سے زائد محصولات جمع کرلئے۔
ایف بی آر کے مطابق مئی 2024 میں 760 ارب روپے کے محصولات جمع کئے گئے ہیں،مئی 2024 میں مقررہ ہدف 745 ارب روپے کے مقابلہ میں 760 ارب روپے جمع کئے گئے،رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ میں مجموعی محصولات جمع کرنے میں 31 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ایف بی آر نے مئی 2023 کے مقابلہ میں مئی 2024 میں 33 فیصد کی غیر معمولی گروتھ رجسٹر کی ہے۔ایف بی آر کا کہنا ہے کہ مئی کے مہینے میں ڈومیسٹک ٹیکسز میں 43 فیصد کا متاثر کن اضافہ ہوا ہے،محصولات کے مقررہ اہداف کے حصول کیلئے ٹیم ایف بی آر نے ان تھک محنت کی ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے ایف بی آر کے افسران اور سٹاف کے عزم اور محنت کو سراہا ہے،ایف بی آر جون 2024 کے مقرر کردہ ہدف حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔