بلوچستان میں دہشت گردی ۔پنجگور بازار دھماکے سے گونج اٹھا۔2 افراد جاں بحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز ) بلوچستان میں دہشت گردی۔پنجگور بازاربم دھماکے سے گونج اٹھا ۔دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ،تین سکیو رٹی اہلکار زخمی ہوگئے، دھماکے کی زد میں آکر دو گاڑیاں ایک موٹر سائیکل اور تین دکانیں بھی متاثر ہوئیں اور اس دوران فائرنگ بھی کی گئی۔
جاں بحق ہونیوالوں میں عبدالقیوم ولد عبدالقادر سکنہ چتکان اور نوراللہ ولد رحمدل سکنہ سراوان شامل ہیں۔ پو لیس نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طوپر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔
پو لیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ دھماکے کے وقت سکیورٹی فورسز کی گاڑی گزررہی تھی ۔ بم دھماکے میں تقریباً ڈھائی سے تین کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیاگیا تھا۔ سی ٹی ڈی نے جائے وقوع سے شواہد اکھٹا کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے پنجگور بازار میں ہونے والے ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس کارروائی میں دو افراد کی شہادت پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بے گناہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا بذدلانہ فعل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ کاروائیوں کا مقصد بے چینی اور بد امنی پیدا کر کے ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے کو پورا کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں بلوچستان کے عوام اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں- اور دہشت گردی کی عفریت کا عوام کے تعاون سے قلع قمع کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں دیرپا امن کا قیام اور عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح رہے گی۔اور صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جامع پالیسی بنائے گی جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے دھماکے کے شہدا کے لئے دعائے مغفرت اور لوحقین سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دھماکے کے زخمیوں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں۔ یا شیخ پلیز،پلیز،گھٹنوں پر بیٹھ کر راکھی ساونت نے دبئی کے شیخ سے ایسا کیا کہہ دیا کہ بھاگ کھڑا ہوا ، ویڈیو وائرل