(24 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے سیاسی چال چلنے کی کوشش کی، عدالت سے اپنی نااہلی ختم ہونے کا دعویٰ کردیا۔ کامونکی میں مارچ کے شرکاء سے خطاب کے دوران انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کیلئے بھی نامناسب الفاظ استعمال کیے اور کہا بدنیت آدمی نے مجھے نااہل کیا تھا، عدالت نےنااہلی ختم کر دی۔
عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ کے صحیح فیصلے سے لا علم ہیں یا جان بوجھ کر غلط بیانی کر رہے ہیں؟ کامونکی میں آزادی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے ایک بار پھر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اور کہا ہائی کورٹ نے ان کی نااہلی ختم کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو حلقہ این اے 95 میانوالی پر الیکشن کرانے سے روک دیا ہے۔
جبکہ اصل صورت حال یہ ہے کہ الیکشن کمیشن کے نااہلی کے فیصلے کے خلاف دائر عمران خان کی درخواست کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے عدالت سے نااہلی کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم فی الحال فیصلہ معطل نہیں کر رہے، البتہ الیکشن کمیشن کو ہدایت دیتے ہیں کہ این اے 95 میانوالی پر ضمنی انتخاب فی الحال روک دیا جائے۔