(24نیوز)ٹک ٹاک اور زندگی ٹرسٹ کی جانب سے سرکاری سکولوں میں ورکشاپس کے ذریعے پاکستان میں ڈیجیٹل سیفٹی کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ رہنے کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کیلئے حال ہی میں ٹک ٹاک اور زندگی ٹرسٹ کے زیر اہتمام کراچی کے ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ سکول اور خاتون پاکستان گورنمنٹ سکول میں ورکشاپس منعقد کی گئیں ، ورکشاپس میں 13سال سے زائد عمر کے تقریباً 1,000 طلباء اور 600سے زائد والدین نے شرکت کی اور آن لائن سیفٹی کے اہم پہلوؤں کے بارے میں سیکھنے کے علاوہ ذمہ دار ڈیجیٹل شہری بننے کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں تاکہ ملک میں ایک محفوظ آن لائن کمیونٹی تشکیل دی جاسکے۔
ٹک ٹاک ، زندگی ٹرسٹ کے ساتھ شراکت کے ذریعے، اب تک اپنائے گئے سکولوں میں 20 سے زائد ورکشاپس منعقد کرچکا ہے جس کی بدولت اب تک تقریباً 1800 طلباء، اساتذہ اور والدین استفادہ حاصل کر چکے ہیں۔ ان ورکشاپس میں،ٹک ٹاک پر والدین اور طلباء کیلئے دستیاب سیفٹی فیچرز، سوشل میڈیا پر موجود نقصان دہ روئیے، جھوٹی خبروں کی شناخت اور غیر قانونی و نقصان دہ مواد رپورٹ کرنے کے طریق کار کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ جھوٹی خبروں کا شکار بننے، سائبر ہراسمنٹ اور اسکیمنگ جیسے مسائل سے نمٹنے کے بارے میں بھی آگاہی دی گئی جبکہ مقامی سائبر قوانین، رپورٹنگ پلیٹ فارمز اور تحفظ و درستی کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کیں گئیں۔
واضح رہے کہ زندگی ٹرسٹ بھی اپنی معلوماتی ویڈیوز شائع کرنے اور آن لائن تحفظ کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ٹک ٹاک پر اپنا آفیشل اکاونٹ استعمال کر رہا ہے۔